لکھنؤ،19/دسمبر (ایس او نیوز/یواین آئی) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2020 کے لے لئے آن لائن درخواست فارم کی آخری تاریخ میں 23 دسمبر 2019 تک توسیع کردی ہے۔ اسی کے ساتھ پاسپورٹ جاری ہونے کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب پاسپورٹ جاری ہونے کی تاریخ 23 دسمبر 2019 یا اس سے قبل اور ویلیڈیٹی 20 جنوری 2021 تک ہونا لازمی ہوگی۔
اترپردیش ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹریایکزیکٹو افسر راہل گپتا نے بتایاکہ خواہشمند عازمین حج اضلاع میں قائم حج سہولت مراکز پہنچ کر حج کی درخواستیں آن لائن جمع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ جن عازمین حج نے نئے پاسپورٹ کے لیے درخواستیں دی ہیں لیکن انہیں پاسپورٹ نہیں مل سکے ہیں یا ان کے پاسپورٹ سے متعلق کوئی معاملہ زیرالتواہے توا س ضمن میں لکھنو ،بریلی اور غازی آباد کے پاسپورٹ افسران کو جلدازجلد عازمین حج کی پاسپورٹ درخواستوں کا تصفیہ ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
گپتا نے بتایاکہ جن عازمین حج کے پاس ویلڈ پاسپورٹ موجود ہے،لیکن کسی دشواری، ٹیکنکل خرابی کے سبب اگر وہ 23 دسمبر 2019 تک آن لائن حج کی درخواست جمع نہیں کرسکیں گے تو وہ بھی حج درخواست فارم کے خاکہ پر اپنی درخواست بھر کر ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں مہیا کرادیں۔ ایسی درخواستوں کو بھی وقت کے اندر جمع تسلیم کرلیاجائے گا۔ حج درخواست فارم کا خاکہ حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔